نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد سے ریاض روانہ ہوگئے، جہاں وہ غزہ کی صورتحال پر او آئی سی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق انوار الحق کاکڑ او آئی سی اجلاس میں مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
غزہ جنگ: پاکستان میں اسرائیل کی حامی کمپنیوں کا بائیکاٹ کتنا کامیاب ہے؟
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مطابق 12 نومبر کو ریاض میں ہونے والے سربراہ اجلاس میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
غزہ پر اسرائیلی حملے سات اکتوبر سے جاری ہیں اور فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ان حملوں میں اموات کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں چار ہزار سے زائد بچے ہیں۔
قبل ازیں جمعرات کو غزہ پر بدترین اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسرائیل کو فرعون سے تشبیہ دے کر کہا کہ غزہ میں بچوں کے قاتل کا کردار ماضی میں فرعون کے اقدامات سے مماثلت رکھتا ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 16 ویں اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم نے ممبر ممالک پر زور دیا تھا کہ وہ اسرائیل کو غزہ میں جاری جارحیت پر جوابدہ بنائیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے غزہ کے مسئلے پر تفصیل سے بات کی اور غزہ میں امداد پر زور دیتے ہوئے اسرائیل کی طرف سے شہریوں خاص طور پر بچوں اور ہسپتالوں پر حملوں کی سخت مذمت کی۔