اللہ کے گھر کی زیادت ہر مسلمان کا خواب ہوتا ہے، بے شمار خوش نصیب ہر سال خانہ خدا کی زیارت کا شرف حاصل کرتے ہیں، ان میں سے کئی خوش نصیب تو ایسے ہوتے ہیں جو ہر رکاوٹ کے باوجود اللہ کے مہمان بننے کا اعزاز حاصل کرتے ہیں۔
ایسا ہی ایک واقعہ لیبیا کے شہری کے ساتھ پیش آیا لیکن نہ جانے ربِ کریم کو اپنے اس بندے کی کون سی ادا پسند آ گئی کہ تین بار اُڑان بھرنے والا جہاز آخرکار اُسی کے انتظار میں رُک گیا اور ایک نیک نیت حاجی کا سفر قبولیت کی مثال بن گیا۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش اطلاعات کے مطابق یہ ایمان افروز واقعہ لیبیا کے ایک شہری “عامر” کے ساتھ پیش آیا، جو اس سال بیت اللہ کی زیارت کا ارادہ لے کر حج کی نیت سے روانہ ہوئے۔
ایئرپورٹ پر ان کے نام میں “القذافی” لکھا ہونے کے باعث سیکورٹی نے انہیں کلیئرنس دینے سے انکار کر دیااور جہاز عامر کو چھوڑ کر روانہ ہو گیا۔
قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ چند ہی منٹوں بعد طیارے میں فنی خرابی پیدا ہو گئی اور وہ دوبارہ اسی ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے پر مجبور ہو گیا۔
عامر نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دوبارہ سوار ہونے کی کوشش کی مگر پائلٹ نے دروازہ کھولنے سے انکار کر دیا اور تکنیکی کلیئرنس کے بعد طیارہ پھر روانہ ہو گیا۔
لیکن کہانی یہیں ختم نہ ہوئی دوسری بار پھر وہی جہاز فنی خرابی کا شکار ہو کر واپس لینڈنگ پر مجبور ہوا۔ عامر نے ایک بار پھر کوشش کی مگر اس بار بھی ناکامی نصیب ہوئی۔بالآخر تیسری بار جب وہی طیارہ ایک اور فنی خرابی کے بعد واپس آیا تو پائلٹ نے حیران کن اعلان کیا:”جب تک عامر سوار نہیں ہوگا، میں جہاز نہیں اڑاؤں گا!”
اس بار عامر کو باقاعدہ سیکورٹی کلیئرنس دی گئی اور وہ دیگر مسافروں کے ہمراہ جہاز میں سوار ہوئے۔ طیارہ بخیر و عافیت سعودی عرب لینڈ کر گیا، اور یوں ایک بندۂ خالص کی نیت اور صبر کی قبولیت آسمانوں تک جا پہنچی۔