اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ بیگناہ کشمیریوں کا قتل بھارتی ریاستی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے،مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ہفتے قابض افواج نے جعلی مقابلوں میں 3 کشمیریوں کو شہید کیا،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے۔
ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے اور بیگناہ کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیاجارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ ہفتے قابض افواج نے جعلی مقابلوں میں 3 کشمیریوں کو شہید کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے جعلی سرچ آپریشن کرکے نصف درجن نوجوانوں کو گرفتار کیاہے، بیگناہ کشمیریوں کا قتل بھارتی ریاستی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے،کشمیری قیادت جھوٹے الزامات کے تحت غیرانسانی حالات میں بھارتی جیلوں میں قید ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، بھارتی وزارت داخلہ کے مطابق 25 جنوری تک 33 لاکھ سے زائد جعلی ڈومیسائل جاری کیے گئے، عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے، ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
یکجہتی واک اسلام آباد اور ملک بھر میں ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر دنیا بھرمیں پاکستانی سفارتخانوں میں سیمینار اور تقریبات منعقد کی جائیں گی۔