اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد کو پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا پر چھاپے سے منع کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے سعودی عرب سے آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر سے ٹیلیفون پررابطہ کیا اور شہباز گل کیس سے متعلق بریفنگ لی۔
رانا ثناء اللہ نے آئی جی اسلام آباد کو شہباز گل کے ڈرائیور کی گرفتاری کیلئے بنی گالا پر چھاپے سے روک دیا، وزیر داخلہ نے شہباز گل کے ڈرائیور کی بیوی کی گرفتاری پر بھی آئی جی اسلام آباد سے ناراضی کا اظہار کیا۔
آئی جی نے وزیرداخلہ سے گفتگو میں بتایا کہ ڈرائیور بنی گالا میں ہے اور اس کی گرفتاری کیلئے چھاپے کی ضرورت ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بنی گالا کے مکینوں سے ملزم ڈرائیور کی حوالگی سے متعلق معاملہ طے کیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سعودیہ سے ہدایت کی کہ عدم تعاون پر مجھے آگاہ کیاجائے اور بنی گالا پر چھاپے سے پہلے اجازت لی جائے، شہباز گل کا لیپ ٹاپ اور موبائل برآمد کرنے کیلئے ڈرائیور کو ہر صورت پکڑا جائے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھاکہ گھریلو خواتین کو گرفتار کرناہماری حکومت یا مسلم لیگ (ن) کی پالیسی اور روایت نہیں، ایسے کسی بھی عمل کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔
مزید پڑھیں:شہباز گِل سے فواد چوہدری،علی نواز اعوان اور راجہ خرم نواز کی ملاقات