کراچی: وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی منظوری سے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف اکرام نے انتہائی اہم تبادلے کردیے،سیکریٹری کے ڈی اے شکیل احمد خان کا تبادلہ کر کے ان کی جگہ گریڈ 19 کے افسر فضیل بخاری کو سیکریٹری کے ڈی اے کا اہم عہدہ دیدیا۔
ڈائریکٹر ریکوری کے عہدے پر تعینات گریڈ18 کے افسر رضا قائم خانی کو ڈائریکٹر ریکوری کے ساتھ ڈائریکٹر لینڈمینجمنٹ کا اضافی عہدے کا چارج بھی دے دیا گیا ہے۔
سابق ڈائریکٹر لینڈ آصف میمن کولوکل بورڈ میں رپوٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی،واضح رہے کہ آصف میمن اس سے قبل بھی ڈائریکٹر لینڈ کے عہدے پر تعینات رہے ہیں تاہم انہوں نے محکمہ لینڈ میں فائیلیں روک کر ادارے کے محصولات کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
آصف میمن جب تک تعینات رہے ادارے کی آمدنی کم ہوتے ہوتے یہ حال ہو گیا کہ ریٹائرڈ ملازمین پینشن اور بقایا جات کی حصول کے لیے در بدر ہو رہے ہیں، دوسری طرف انسدات تجاوزات کے لیے قائم محکمے میں بھی تبادلہ کر کے شمس الحق صدیقی ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کی تعیناتی کانوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روزحکم نامہ نمبر PA/Secy/KDA/2020/196جاری کیا گیا ہے جو خود سابق سیکریٹری شکیل احمد خان کے دستخط سے جاری ہوا ہے جس میں انہیں بھی عہدے سے ہٹانے کے احکامات موجود تھے۔
واضح رہے کہ بلدیاتی اداروں میں تقرر و تبادلوں پر مکمل پابندی آئد ہے تاہم وزیر بلدیات سے منظوری کے بعد ادارے کے با اختیار افسر کو تبادلے کا اختیار حاصل ہے۔اس حوالے سے سیکریٹری بلدیات روشن شیخ نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ مذکورہ تبادلوں کی منظوری وزیر بلدیات سے لی گئی تھی جو کہ قانونی طریقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آصف میمن کی شکایات بہت تھیں ان کی تبدیلی کے لیے میڈیا اور کے ڈی اے کا شدید دباو بھی تھا، روشن شیخ نے کہا کہ وزیر بلدیات نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے ان تبادلوں کی خصوصی طور پر منظوری دی تھی۔