عیسیٰ نگری کے قریب سے 5سالہ بچی مروہ کی بوری بند سوختہ لاش برآمد

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عیسیٰ نگری کے قریب سے 5سالہ بچی مروہ کی بوری بند سوختہ لاش برآمد
عیسیٰ نگری کے قریب سے 5سالہ بچی مروہ کی بوری بند سوختہ لاش برآمد

کراچی:عیسی نگری کے قریب خالی پلاٹ سے کمسن مغوی بچی کی چادر میں لپٹی سوختہ لاش ملی ہے۔عیسی نگری کے قریب سابقہ ملک پلانٹ کے گراونڈ سے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب 5 سالہ بچی کی چادر میں لپٹی سوختہ لاش ملی۔

اطلاع ملنے پر ایس ایچ او پی آئی بی کالونی سب انسپکٹر شاکر پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو تحویل میں لے کر جناح اسپتال منتقل کیا۔پولیس کے مطابق مغویہ کی شناخت 5 سالہ مروہ دختر عمر صادق کے نام سے کی گئی، مقتولہ اسی علاقے میں پیر بخاری کالونی بلاک اے کی رہائشی تھی۔

واضح رہے کہ مقتولہ کا ایک چھوٹا بھائی ہے جبکہ اس کے والد رکشا چلاتے ہیں، ان کا آبائی تعلق بونیر سے ہے۔ مقتولہ کے والد عمر صادق کے مطابق مروہ جمعے کی صبح تقریبا سات بجے گھر کے قریب دکان سے چیز لینے گئی تھی، کافی دیر تک واپس نہ آنے پر گھر والوں کو تشویش ہوئی تو بچی کو ڈھونڈنا شروع کیا۔

دکاندارنے بتایا کہ مروہ اس کے پاس سے چیز لے کر گئی تھی تاہم کہاں گئی اسے بھی کچھ پتہ نہیں تھا، ہرجگہ معلوم اور علاقے کی مساجد میں اعلان کرانے پر بھی بچی کے بارے میں پتہ نہیں چلا جس کے بعد ہفتے کی شام کو بچی کے والد نے پی آئی بی کالونی تھانے میں مقدمہ درج کرایا۔

ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک شخص کی نشاندہی پر میکاسا اپارٹمنٹ کے عقب میں پرانے ملک پلانٹ کے گراؤنڈ سے بچی کی لاش ملی، مقتولہ کے گھر والوں اور علاقہ مکینوں نے مروا کو اس کی زیب تن کیے ہوئے ہرے رنگ کی شلوار سے شناخت کر لیا، بچی کا جسم سوختہ تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے شناخت مٹانے کے لیے لاش کو آگ لگا دی، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد مزید شواہد ملیں گے، پولیس نے علاقہ مکینوں کے کہنے پر بچی کی لاش کی نشاندہی کرنے والے شخص کو شک کی بنیاد پر تفتیش کے لیے حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

مقتولہ کے دادا کا کہنا ہے کہ ان کی نہ تو کوئی آبائی دشمنی ہے اور نہ ہی کسی سے کوئی لین دین کا تنازعہ ہے، انہوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مروا کے اغوا اور قتل میں ملوث ملزم کو جلد از جلد گرفتار کر کے ان کے حوالے کیا جائے تاکہ ملزم کو عبرت کا نشان بنایا جا سکے۔

Related Posts