تھرپارکر میں گرمی کی شدت سے مزید 12 مور ہلاک ہوگئے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق ان دنوں تھرپارکر میں شدید گرمی پڑ رہی ہے جس کے باعث مور ہلاک ہورہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ مور نگرپارکر کے دیہات اجروئی، مگھن ساند، نیباڑو اور بھراؤ میں ہلاک ہوئے جبکہ گرمی کی شدت سے 8 دنوں میں ہلاک موروں کی تعداد 112 ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر پولٹری نے بتایا کہ تحصیل مٹھی کے 4 دیہاتوں میں ٹیم نے وزٹ کیا ہے، علاقہ مکینوں کو موروں کو پانی میں پاؤڈر نما ادویات دینے کا کہا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پولٹری نے کہا کہ مور پانی کی کمی اور گرمی کی شدت سے بیمار پڑجاتے ہیں جب کہ ہماری ٹیم محکمہ وائلڈ لائف کی ہدایات کے مطابق فیلڈ میں کام کرتی ہے۔
واضح رہے کہ 2023 میں تھرپارکر میں شدید گرمی کی لہر کے باعث درجنوں مور ہلاک ہوئے۔ اگرچہ محکمہ وائلڈ لائف نے سرکاری طور پر ہلاکتوں کی تعداد جاری نہیں کی، تاہم مقامی دیہاتیوں اور ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مٹھی تحصیل سمیت مختلف علاقوں میں 100 سے زائد مور ہلاک ہوئے۔
یہ ہلاکتیں گرمی کی شدت، پانی کی قلت اور مناسب دیکھ بھال کی کمی کی وجہ سے ہوئیں۔ تھرپارکر میں موروں کی ہلاکتیں ماضی میں بھی رپورٹ ہوئی ہیں، لیکن 2023 کی گرمی کی لہر نے ان کی تعداد میں نمایاں اضافہ کیا۔
مقامی افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ موروں کی حفاظت کے لیے فوری اقدامات کرے، جن میں پانی کی فراہمی، ویکسینیشن، اور وائلڈ لائف ٹیموں کی تعیناتی شامل ہیں۔ یہ واقعات پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات اور جنگلی حیات کے تحفظ کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہیں۔