اسلام آباد / پشاور: خواتین کو کوڑے مارنے والا سابقہ تحریک طالبان سوات گروپ کا دہشتگرد کمانڈرسوات میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا۔
پاک فوج اور سی ٹی ڈی نے 7 ستمبر 2023 کو خفیہ اطلاعات پر سوات کے علاقے فضاگٹ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران سابقہ تحریک طالبان سوات کا کمانڈر نیک محمد عرف نیکو عرف عمر ہلاک کردیا گیا۔
ہلاک دہشتگرد کمانڈر سابقہ تحریک طالبان سوات کے سربراہ ملا فضل اللہ کا قریبی ساتھی بتایا جارہا ہے جبکہ ہلاک دہشتگرد سوات میں عسکریت پسندی کے ابتدائی دنوں میں تحریک طالبان سوات کی کوڑے مارنے والی ٹیم کی سربراہی کرتا تھا۔
سوات میں ”آپریشن راہ راست“ کے بعد دہشتگرد کمانڈر نیک محمد اپنے خاندان کے ساتھ افغانستان فرار ہوگیا تھا، دہشتگرد کمانڈر عسکریت پسندی کے عروج کے دور میں سوات میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف درجنوں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔
دہشتگرد کمانڈر موجودہ سال کے اوائل میں ٹی ٹی پی تشکیل کے ساتھ چھپ کر واپس سوات پہنچا اور پولیس کے خلاف کارروائیاں شروع کردیں، اسکے ساتھ ساتھ دہشتگرد کمانڈر نیک محمد نے ٹی ٹی پی کے لیے بھتہ بھی وصول کرنا شروع کر دیا۔
دہشتگرد کمانڈر نے جون 2023 میں اپنے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ساتھ مل کرمینگورہ سبزی منڈی کے قریب دو پولیس کانسٹیبلز کو بے دردی سے شہید کردیا تھا۔
مزید پڑھیں:ایف آئی اے کا غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن
پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے وادی سوات میں دہشتگردی میں ملوث کسی بھی فرد یا تنظیم کا قلع قمع کرنے کے لیے متحرک ہیں۔