سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک اور انسٹاگرام کی بندش سے ٹیلی گرام کو غیر معمولی فائدہ پہنچا ہے جس کے صارفین کی تعداد میں 7 کروڑ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلی گرام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی عدم دستیابی سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ ٹیلی گرام کے بانی پاؤل دروف کا کہنا ہے کہ پیر کو فیس بک کی بندش کے باعث ٹیلی گرام کے صارفین 7 کروڑ تک بڑھ گئے جسے سنبھالنا ایک مشکل کام تھا۔
آج سے 2 روز قبل فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے علاوہ ایمازون سروسز اور امریکا میں فون سروس بھی متاثر رہی۔ پاؤل دروف کا کہنا ہے کہ پیر کو ٹیلی گرام کے صارفین میں ریکارڈ اضافے کے دوران ہمیں اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے۔
پاؤل دروف نےمزید کہا کہ ٹیلی گرام کی ٹیم نے 7 کروڑ صارفین کا اضافی بوجھ سنبھالنے کیلئے بہترین کام کیا جبکہ ہم دیگر پلیٹ فارمز سے ٹیلی گرام پر آنے والے 7 کروڑ صارفین کو خوش آمدید کہتے ہیں جو ہماری خدمات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
دوسری جانب مانیٹرنگ فرم کا کہنا ہے کہ ٹیلی گرام امریکا میں ڈاؤن لوڈنگ کے اعتبار سے 56ویں بڑی ایپ تھی جو 5ویں نمبر پر آگئی۔ رواں برس کے آغاز پر فعال ٹیلی گرام صارفین کی تعداد 50 کروڑ ریکارڈ کی گئی اور اب یہ ایپ 1ارب ڈاون لوڈز کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بک، واٹس ایپ، انسٹا گرام اور ایمازون سروسز بحال ہونا شروع ہوگئیں جبکہ روسی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ فیس بک کو ہیک کر لیا گیا تھا جس سے فیس بک شیئرز کی مالیت گر گئی۔
آج سے 2 روز قبل دنیا بھر کے سوشل میڈیا صارفین کو واٹس ایپ، فیس بک، انسٹاگرام اور ایمازون سروسز کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکا میں گوگل، ٹک ٹاک اور ایمازون ویب تک بھی عوام کی رسائی مشکل ہوگئی تھی۔
اس دوران اسنیپ چیٹ، ٹیلی گرام اور زوم کی خدمات کو دھچکا پہنچا، امریکا میں ٹیلیفون سروس بھی متاثر ہوئی۔ سماجی رابطے اور فوٹو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے خدمات کی فراہمی میں تعطل پر سوشل میڈیا صارفین سے معذرت کرلی۔
مزید پڑھیں: واٹس ایپ اور انسٹاگرام سروسزبحال، فیس بک ہیک ہونیکا دعویٰ