اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے،کچھ عناصر ملک میں فرقہ واریت کو ہوا دینے کیلئے ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیل رہے ہیں، یہ اپنے عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے اقدامات اور پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک بھر میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پاکستان علما کونسل اور متحدہ علما بورڈ کا ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارہ کے فروغ کیلئے کردار لائق تحسین ہے۔
مزید پڑھیں:غربت کی کمی اور ملکی آمدنی میں اضافے کے لیے ہر ممکن قدم اُٹھائیں گے، وزیر اعظم