ٹی 20 ورلڈکپ: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو انڈیا ٹوڈے

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے گروپ ڈی کے مقابلے میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

جنوبی افریقا نے سری لنکا کی جانب سے دیا گیا 78 رنز کا ہدف بآسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نیو یارک میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے کپتان ہسارنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقی بولرز نے اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی سری لنکن بیٹرز کو قابو میں رکھا اور کوئی بھی بیٹر بڑی اننگز نہ کھیل سکا، سری لنکا کے 8 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے پوری سری لنکن ٹیم 20 ویں اوور میں صرف 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کامندو مینڈس نے 11 اور انجیلو میتھیوز نے 16 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر نوکیا نے 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ رباڈا اور کیشو مہاراج نے 2،2 وکٹیں لیں۔

جنوبی افریقا نے 78 رنز کا ہدف با آسانی 17 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پروٹیز کی جانب سے کوئن ڈی کوک نے 20، ریزا ہینڈرکس 4، ایڈن مارکرم 12،اسٹبز نے 13 رنز اسکور کیے جبکہ کلاسن 19 اور ڈیوڈ ملر 6 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان ہسارنگا نے 2، نوان تھوشارا اور شناکا نے ایک ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پیر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں عمان اور نمیبیا کا میچ برابر ہوگیا جس کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔

 ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سپر اوور میں نمیبیا نے عمان کو 11 رنز سے شکست دی۔

واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 20 ٹیمیں ایکشن میں ہیں، 9 وینیوز پر مجموعی طور پر 55 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو میزبان امریکا کے خلاف کھیلے گا جبکہ پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو ہوگا۔

Related Posts