اسلام آباد:سپریم کورٹ نے جعلی بنک اکاونٹس کیس کے ملزمان ڈاکٹر ڈنشا اور جمیل بلوچ کی ضمانت کیس میں آئندہ سماعت پر چیئرمین نیب کو طلب کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب قانون کے مطابق اور شفافیت کیساتھ دیگر ملزمان کیخلاف کارروائی کرے۔
تمام ملزمان کیساتھ یکساں سلوک کیا جائے،احتساب کیلئے تحقیقات کرنا نیب کے اختیار میں ہے،شہریوں کی آزادی اور بنیادی حقوق کا تحفظ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔دور ان سماعت عدالت عظمیٰ نے کہاکہ اگر نیب پیش رفت دکھانے میں ناکام رہا تو آئندہ سماعت پر چیئرمین نیب ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
عدالت نے کہاکہ احتساب کیلئے تحقیقات کرنا نیب کے اختیار میں ہے،شہریوں کی آزادی اور بنیادی حقوق کا تحفظ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے کہاکہ 29 ملزمان میں سے 2 کے علاوہ دیگر کیخلاف کاروائی نہ کرنے کی وجوہات نہیں بتائی گئیں۔
عدالت عظمیٰ نے کہاکہ پراسیکوٹر جنرل نیب لندن میں بیٹھ پر پلی بارگین کرنے والے کی قانونی حیثیت بتانے سے قاصر رہے۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ہم اس کیس میں نیب کی کارکردگی سے مطمئن نہیں،20 ماہ سے ایک بندہ جیل میں ہے جبکہ مرکزی کرداروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہاکہ جن لوگوں نے تعاون نہیں کیا یا پلی بارگین کی درخواست نہیں انکو گرفتار کیا۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہاکہ نیب کا یہ رویہ جانبداری ظاہر کرتا ہے،نیب کا طریقہ کار اس کا ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔
جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے کہا کہ ڈاکٹر ڈنشا جیسے عمر رسیدہ شخص کو پکڑ لیا باقی 27 لوگ آزاد ہیں،سب جانتے ہیں کہ 62 اور 42 منزلہ دو عمارتیں کس کی ہیں۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقو ی نے کہاکہ انہی وجوہات کے باعث نیب پر صبح سے شام تک باتیں ہوتی ہیں۔
جسٹس سجاد علی شاہ نے کہاکہ ایک بڑے آدمی کو موٹر وے پر گرفتار کر لیا جاتا ہے جیسے وہ کہیں بھاگ جائے گا۔ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے کہاکہ اس شخص کو نیب نے نہیں پکڑا تھا۔ جسٹس سجاد علی شاہ نے کہاکہ بحریہ آئیکون ٹاور کا سب کو پتا ہے کس کا ہے۔
جسٹس سجاد علی شاہ نے نیب پراسیکیوٹر سے کہاکہ چیئرمین نیب اور آپکے علاوہ کوئی نیب کی تعریف نہیں کرتا۔عدالت عظمیٰ نے نیب سے تمام ملزمان کیساتھ یکساں سلوک کرنے کے حوالے سے اقدامات کی تفصیل طلب کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے پالیسی دو ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیا۔