کراچی: پریس کلب کے سامنے 50 سالہ شخص عمرنے خود کشی کی کوشش میں اپنے ہی گلے پر چھری پھیر لی،ذخمی کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پریس کلب کی دیوار کے ساتھ بنے فٹ پاتھ پر ایک نامعلوم شخص نے دس روپے والی نوٹ کی ایک گڈی ہوا میں اڑائی اور یاعلی مدد کے نعرے لگائے پھر اس کے بعد اپنے ہاتھ سے اپنے گلے پر چھری پھیر لی۔
دوپہر ڈھائی بجے چھیپا ایمبولینس مذکورہ شخص کو اٹھا کر جناح اسپتال لے گئی، تھانہ آٹلری میدان کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ خود کشی کرنے والے شخص کی جانب سے ہوا میں اڑائی گئی رقم کو اکٹھا کر لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خود کوشی کرنے والے شخص کا نام عمر ولد بابو ہے مذکورہ شخص کی عمر 50/55 کے درمیان بتائی جاتی ہے اور مکان نمبرGK7BH31/18،گلی نمبر 7محلہ غوثیہ روڈ آگرہ تاج کالونی،ضلع جنوبی کراچی کارہائشی ہے۔
پولیس ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کی خودکشی کی کوشش کے حوالے سے تفتیش کررہے ہیں، حقائق سامنے آنے پر صورتحال واضح ہوجائے گی۔ فی الحال اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ مذکورہ شخص نے خودکشی کی کوشش کیوں کی؟
واضح رہے کہ کراچی پریس کلب کے باہر مختلف مسائل کا شکار سندھ بھر کے شہری احتجاجی مظاہرے اور احتجاجی کیمپ لگا کر وہاں قیام کرتے ہیں، ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص عمر احتجاج کرتے کرتے مایوس ہو چکا تھا،شائد اسی لیے اس نے خود کشی کی ہے، جبکہ اصل صورتحال پولیس تفتیش میں سامنے آجائے گی۔