کوئٹہ، بیوٹمز یونیورسٹی کی بس سے 2 طلبہ گر گئے، 1 ٹائر کے نیچے آ کر جاں بحق

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بیوٹمز یونیورسٹی کی بس سے 2 طلبہ گر گئے جن میں سے 1 ٹائر کے نیچے آ کر جاں بحق ہوگیا ہے۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ پولیس کا کہنا ہے کہ بس سے گرنے والے طلبہ میں سے ایک کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، دوسرا جاں بحق ہوگیا۔ بیوٹمز یونیورسٹی کی بس چھٹی کے بعد طلبہ کو لے کر یونیورسٹی سے شہر کی جانب جارہی تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق طالبِ علم کی شناخت علی اکبر کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی طالب علم کا نام بلال احمد ہے  جس کو سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر میں طبی امداد دی جائے گی۔ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے بس تحویل میں لے لی ہے۔

بیوٹمز یونیورسٹی کی بس میں سوار طلبہ کا کہنا ہے کہ بس میں گنجائش سے زائد طلبہ تھے، اسی وجہ سے دو طلبہ بس کے دروازے پر کھڑے ہوگئے۔ جاں بحق طالبِ علم علی اکبر بی ایس کے چھٹے سیمسٹر میں زیرِ تعلیم تھا۔ گورنر بلوچستان اور یونیورسٹی کے چانسلر  نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

گورنر بلوچستان اور چانسلر میر جعفر مندوخیل نے کوئٹہ میں ہونے والے افسوسناک حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ 24 گھنٹوں میں طلب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے تمام ذمہ داران کو معطل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

Related Posts