شہرِ قائد کے ساحل پر پھنسے ہوئے بحری جہاز کو کراچی بندرگاہ پہنچا دیا گیا جبکہ جہاز پر تحقیقات کا عمل تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحلِ سمندر سی ویو پر پھنسے بحری جہاز ہینگ ٹونگ کو 48 روز بعد کراچی بندرگاہ آج پہنچایا گیا۔ 20 اور 21 جولائی کی درمیانی شب کیپٹن عمر کی مدد کی دہائیاں ان سنی کردی گئیں۔
کنٹرول ٹاور حکام نے ہینگ ٹونگ کے کیپٹن کی مدد کیلئے اپیل کو ان سنا کردیا، تاہم آج ساحل پر پھنسا بحری جہاز صبح کے وقت ٹرمینل پر لگا دیا گیا ہے۔ تاحال وزارتِ بحری امور نے جہاز پر تحقیقات کا عمل مکمل نہیں کیا۔
گزشتہ روز ساحل پر پھنسا بحری جہاز نکالنے کی کاوشیں ڈیڑھ ماہ بعد کامیاب ہوئیں اور جہاز کو گہرے سمندر میں پہنچایا گیا جس کے بعد جہاز کو کراچی پورٹ پر لانے کی کوششیں شروع کی گئیں۔
گڈانی شپ بریکنگ کمپنی کے عملے نے جہاز کے ریسکیو کیلئے بھرپور کوشش کرتے ہوئے ہوئے ساحل پر 20 اور 21 جولائی کو ریت میں آ پھنسنے والے ہینگ ٹونگ کو نکالنے کے آپریشن میں مرکزی کردار ادا کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل جہاز کو نکالنے کیلئے جاری آپریشن جزوی طور پر کامیاب ہوا تاہم جہاز نے ایک بار پھر ساحل کا رخ کیا اور دوبارہ ریت میں پھنس گیا تھا۔جہاز کو نکالنے والی کرین شپ بھی ریت میں دھنس گئی تھی۔
سمندر کے مزاج کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کرین شپ کو جہاز کے قریب پہنچایا گیا تھا جو لہروں کا مقابلہ نہیں کرسکی۔ توازن سنبھالنے کیلئے باندھے گئے جوڑ اور رسیاں بھی ہوا کے دباؤ سے ٹوٹ کر الگ ہوگئیں۔ تاہم گزشتہ روز جہاز نکالنے کیلئے ہونے والا آپریشن کامیاب ہوگیا۔
مزید پڑھیں: کراچی کے ساحل پر پھنسا بحری جہاز ہینگ ٹونگ کامیابی سے نکال لیا گیا