نیٹ فلکس کی مقبول ترین سائنس فکشن سیریز اسٹریجر تھنگز کے آخری سیزن کا پہلا آفیشل ٹیزر بالآخر 16 جولائی 2025 کو جاری کر دیا گیا۔
یہ ٹریلر یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر ریلیز کیا گیا جس کے بعد شائقین کی جانب سے سوشل میڈیا پر زبردست ردعمل سامنے آیا۔
اس ٹیزر میں ایلیون اور ہوپر کو ایک بار پھر ایکشن میں دکھایا گیا ہے جبکہ ویقنا کی واپسی نے شائقین میں خوف و تجسس کی نئی لہر دوڑا دی ہے۔
ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ہاکنز نامی شہر میں دوبارہ ایک پراسرار اور مہلک خطرہ منڈلا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے پورے علاقے کو فوجی نگرانی میں لے لیا گیا ہے اور ایلیون کو ایک بار پھر چھپنا پڑ رہا ہے۔
دریں اثنا، ولن ویقنا جو پچھلے سیزن میں شدید زخمی ہوا تھا ایک بار پھر واپس آ چکا ہے اور وہ ایک پراسرار فائر بال کو روکنے کی کوشش کرتا دکھایا گیا ہے۔
اس منظر کو لے کر شائقین میں چہ مگوئیاں جاری ہیں کہ آیا یہ حملہ ول بائرز کی جانب سے ہے یا کسی اور کردار کی جانب سے، جس نے آگ پھینکنے والا ہتھیار اٹھایا ہوا ہے۔
ٹریلر میں سب سے جذباتی مناظر میں سے ایک، میکس کو کوما کی حالت میں ہسپتال کے بستر پر دکھایا گیا ہے جبکہ لوکس پریشان حال بیٹھا ہے۔
اسی دوران ڈسٹن اپنے پرانے ساتھی ایڈی منسن کی قبر پر بیٹھا دکھائی دیتا ہے جو پچھلے سیزن میں ہلاک ہو گیا تھا۔ ان مناظر نے شائقین کو خاصا رنجیدہ کر دیا ہے اور بہت سے افراد کا کہنا ہے کہ یہ سیزن اب تک کا سب سے زیادہ جذباتی اور خطرناک ہوگا۔
ایک اور حیران کن منظر میں ایلیون کو اپنے ذہنی قوت کے ذریعے ہوا میں بلند ہوتے دیکھا گیا جو ایک اسکریپ یارڈ میں کھڑی بس پر اترنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس کے علاوہ ایک منظر میں کیرن اور ہولی ویلر کو پانی سے بھرے باتھ ٹب میں چھپتے دکھایا گیا ہے جو ممکنہ طور پر اپ سائیڈ ڈاؤن دنیا کا ایک دروازہ بن سکتا ہے۔
سین کے دوران مختلف حوالہ جات بھی دیے گئے، جن میں ایک منظر خاص طور پر 1993 کی مشہور فلم جراسک پارک کے ایک سیکوئنس سے متاثر دکھائی دیتا ہے، جہاں لوکس ایک ہسپتال میں کومہ کی شکار میکس کو بچاتے ہوئے ایک خطرناک مخلوق سے چھپ رہا ہے۔
ٹریلر میں استعمال ہونے والا پس منظر کا گانا چائلڈ اِن ٹائم ہے، جو دیپ پرپل کا مشہور لائیو پرفارمنس ہے۔
اس سے قبل اسٹریجر تھنگز کے سیزن 4 نے کیٹ بش کے گانے رننگ اپ دیٹ ہل کو دنیا بھر میں مقبول کر دیا تھا، اور امکان ہے کہ یہ نیا گانا بھی ایک بار پھر پرانی موسیقی کو نئی زندگی دے گا۔
اسٹریجر تھنگز سیزن 5 تین حصوں میں ریلیز ہوگا، پہلا حصہ 26 نومبر، دوسرا 25 دسمبر اور آخری قسط 31 دسمبر کو نشر کی جائے گی۔
اس آخری سیزن میں وہ تمام مرکزی کردار موجود ہوں گے جنہوں نے اس سیریز کو عالمی شہرت دلائی، جیسے ایلیون، ہوپر، مائیک، ڈسٹن، لوکس، اور دیگر۔ اس کے ساتھ نئی کرداروں کا تعارف بھی کرایا گیا ہے۔