کاروباری ہفتے کے دوسرے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس آج ایک نئی تاریخی بلندی پر بند ہوا، جس نے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم کیا۔
پی ایس ایکس میں گزشتہ روز کی مندی کے بعد آج زبردست تیزی نظر آئی جس کے نتیجے میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1200 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1202 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 39 ہزار 419 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا۔
آج کاروباری دن میں 100 انڈیکس ایک ہزار 703 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ 100 انڈیکس کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 39 ہزار 901 رہی۔
اسٹاک مارکیٹ میں آج 62 کروڑ 90 لاکھ شیئرز کے سودے 34 ارب 67 کروڑ روپے میں طے ہوئے۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 124 ارب روپے بڑھ کر 16 ہزار 629 ارب روپے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کے ایس ای 100 انڈیکس 379.78 پوائنٹس یا 0.27 فیصد کی کمی سے 138,217.58 پوائنٹس پر بند ہوا۔