سیول: نیٹ فلکس سیریز اسکوئڈ گیم بنانے والوں نے سیریز میں دکھائے گئے فون نمبر کو دوبارہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیٹ فلکس کی جانب سے فون نمبر تبدیل کرنے کا اعلان کوریا میں رہنے والی فون کی حقیقی مالک خاتون کے مسائل کے پیشِ نظر سامنے آیا جسے دھڑا دھڑ فون کالز موصول ہورہی ہیں۔
نیٹ فلکس سیریز میں ماضی میں دکھائے گئے فون نمبر سے وابستہ خاتون کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر تنگ کرنے والی فون کالز کی تعداد بڑھ رہی ہے جس سے روزمرہ زندگی گزارنا مشکل کام بن گیا ہے۔
مذکورہ خاتون کا کورین میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ فون نمبر میں گزشتہ 10 سال سے زائد عرصے سے استعمال کر رہی ہوں۔ مجھے 4 ہزار سے زائد نمبرز کو فون سے حذف کرنا پڑا۔
حیرت انگیز طور پر فون نمبر کی مالک خاتون نے 50 لاکھ معاوضہ لینے سے بھی انکار کردیا جبکہ اسکوئڈ گیم 17 ستمبر کو اپنی ریلیز کے بعد سے نیٹ فلکس کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا سلسلہ بن گیا۔
خیال رہے کہ سیول کی کہانی پر مبنی اسکوئڈ گیم میں لوگوں کو بچگانہ گیمز کھیل کر پیسہ جیتنے کی طرف راغب کیا جاتا ہے لیکن ہار جانے والے لوگوں کو مرنا پڑتا ہے جس کی 9 اقساط میں خون خرابہ اور مار دھاڑ دکھائی گئی۔
تشدد پسند ذہن اسکوئڈ گیم سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ نہ صرف نیٹ فلکس پر اس کے ناظرین و سامعین کی تعداد بڑھ رہی ہے بلکہ اس کے مخالف اسٹریمنگ پلیٹ فارمز مثلاً ایمازون پرائم، ڈزنی پلس اور ایچ بی او میکس پر بھی اس شو کے متعلق گفتگو ہورہی ہے۔
ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی ایگزیکٹو بیلا بجریا کو اسکوئڈ گیم کے پس منظر پر موجود ماسٹر مائنڈ کہا جاسکتا ہے جن کا مقصد مقامی تخلیق کاروں سے ان کی کہانیاں سننا اور انہیں عوام تک پہنچانا ہے۔
مزید پڑھیں: نیٹ فلکس سیریز اسکوئڈ گیم کے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے