راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ کے دوران قومی کرکٹ ٹیم کی پہلی اننگز میں اسکور کیے گئے 272 رنز کے جواب میں مہمان جنوبی افریقہ کی ٹیم نے 5 وکٹوں کے عوض 126 رنز بنا لیے ہیں۔
ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی اننگز ختم ہونے کے بعد مہمان ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین ڈین ایلگر اور ایڈن مارکرم نے بیٹنگ شروع کی لیکن ابتدا ہی سے جنوبی افریقہ کو پاکستانی باؤلرز نے زیادہ تر ٹکنے نہیں دیا۔
حسن علی کی شاندار باؤلنگ کے باعث پاکستان نے جلد ہی 2 وکٹیں گرالیں، ڈین ایلگر 15 رنز پر آؤٹ ہو گئے اور حسن علی نے اگلی ہی گیند ڈالی تو وان ڈیر ڈاسن صفر پر ہی بولڈ ہو گئے۔ فاف ڈپلسی صرف 17 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
ایڈن مارکرم اچھا کھیل رہے تھے تاہم نعمان علی کو شارٹ مارتے ہوئے 32 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ایڈن مارکرم کا کیچ شاہین آفریدی نے پکڑا۔ کوئنٹن ڈی کوک نے 20 گیندیں کھیل کر 29 رنز بنائے۔ انہیں شاہین آفریدی نے آؤٹ کردیا۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پہلے سیشن کا کھیل جاری ہے۔ مجموعی طور پر ساؤتھ افریقہ نے 126 رنز اسکور کیے اور ان کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں تاہم پاکستان کے 272 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ کو مزید 146 رنز اسکور کرنے ہیں۔
قبل ازیں پاکستان نے 272 رنز اسکور کیے تھے۔ فہیم اشرف نے 78، کپتان بابر اعظم نے 77 جبکہ فواد عالم نے 45 رنز اسکور کیے۔ جنوبی افریقہ کے اینرچ نورجے نے 5 جبکہ کیشو مہاراج نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان جنوبی افریقہ ٹی ٹونٹی سیریز کے سکیورٹی پلان میں بڑی تبدیلی