ٹی 20 ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ افغانستان کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

جنوبی افریقہ
(فوٹو: دی البرٹن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقہ افغانستان کو 9 وکٹس سے شکست دے کر عالمی کپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغان ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میچ کا ٹاس جیتا اور اپنی ٹیم کی بولنگ پر اعتماد کرتے ہوئے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پہلے اوور کی آخری گیند پر رحمان اللہ گرباز جینسن کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ کے جینسن نے گلبدین نائب کو بھی بولڈ کردیا اور اگلے ہی اوور میں رباڈا کی پہلی گیند پر ابراہیم زدران بولڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ دو گیندوں کے بعد افغان بیٹر محمد نبی بھی ٹیم کے مجموعی اسکور میں کوئی بھی اضافہ کیے بغیر رباڈا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

میچ کے پانچویں اوور میں جینسن نے اپنا تیسرا شکار کیا اور نصف افغان ٹیم صرف 23 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی۔ ساتویں اوور میں عظمت اللہ کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان راشد خان نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔ میچ کے 10ویں اوور کے آغاز تک 45رنز پر افغان ٹیم 7وکٹس گنوا چکی تھی۔

تبریز شمسی نے ایک ہی اوور میں پہلے کریم خان اور پھر نور احمد کو پویلین بھیج دیا، یوں افغان ٹیم 50 رنز پر 8 وکٹس گنوانے والی ٹیم بن گئی۔ اگلے ہی اوور میں راشد خان نورٹے کی گیند پر بولڈ ہوگئے تو جنوبی افریقہ کی جیت کے چانسز دوگنا ہوچکے تھے۔

تبریز شمسی نے تیسرا شکار کرکے افغانستان کو 56 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔ افغانستان ٹیم کی جانب سے کسی بھی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کا یہ سب سے کم اسکور تھا اور خود افغانستان ٹیم کی ماضی کی پرفارمنس کے مقابلے میں بھی یہ سب سے کم رہا۔

افغانستان کی کرکٹ ٹیم مقررہ 20 اوورز میں سے 12ویں اوور کی آخری گیند بھی نہ کھیل پائی اور یوں یہ ٹیم جنوبی افریقہ کو صرف 57رنز کا ہدف دے سکی۔ ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے صرف 1 وکٹ کے نقصان پر 9ویں اوور کی آخری گیند سے قبل ہی افغانستان کا کھیل ختم کردیا۔

ایک جانب افغانستان کے عظمت اللہ عمر زئی نے سب سے زیادہ 10 رنز بنائے، گلبدین نائب 9 جبکہ راشد خان 8رنز کے ساتھ نمایاں بیٹرز میں شامل ہوگئے تو دوسری جانب جنوبی افریقہ کے ریزا ہنڈریکس نے 25 گیندوں پر 29 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ایڈن مارکرم بھی 21گیندوں پر 23رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔

Related Posts