کراچی کے علاقے لیاری کھڈا مارکیٹ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک چھ منزلہ رہائشی عمارت کا بالائی فلور اچانک زمین بوس ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق بلال مسجد اور پشاوری ہوٹل کے قریب واقع “غنی مینشن” نامی عمارت کا چھٹا فلور اچانک پانچویں منزل پر آ گرا، جس کے نتیجے میں کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے فوری طور پر موقعے پر پہنچ گئے اور ریسکیو سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا۔ تنگ گلیوں اور پرانی عمارتوں کی موجودگی کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات پیش آئیں تاہم ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا عمل شروع کیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جن کی لاشیں سول اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ جاں بحق ہونے والی خواتین آپس میں حقیقی بہنیں تھیں۔ حادثے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جن میں ان جاں بحق بہنوں کی کمسن بچیاں شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔ پولیس اور بلدیاتی حکام کی جانب سے عمارت کے ڈھانچے کا معائنہ کیا جا رہا ہے تاکہ حادثے کی وجہ معلوم کی جا سکے۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق عمارت بوسیدہ اور ناقابل رہائش ہو چکی تھی، تاہم اس کی مزید تصدیق محکمہ تعمیرات اور بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی رپورٹ کے بعد کی جائے گی۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ غنی مینشن کئی سالوں سے خستہ حال تھی اور متعدد بار متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جا چکی تھی، مگر کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جبکہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شہر میں بوسیدہ اور غیرمحفوظ عمارتوں کے خلاف فوری اور سخت اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔