کراچی:محکمہ تعلیم سندھ نے (پیر)سے تمام اسکولز میں ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے،وزیرتعلیم سندھ نے کہا کہ اسکول کھلے رکھنے کے لیے نویں سے بارہویں تک طلبا کی ویکسینیشن کرنا ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کی زیرِ صدارت ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ اسکولز کا اجلاس ہوا، جس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت کی تجویز پر آج سے تمام اسکولز میں ویکسینیشن مہم شروع کی جائے گی۔
بچوں کو ویکسین لگانے کے لئے والدین سے رضامندی سرٹیفکیٹ لئے جائیں گے، جب کہ والدین کی تنظیموں اور نجی اسکولز ایسوسی ایشنز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
وزیرتعلیم سندھ سردار شاہ نے کہاکہ اسکولز کی بندش سے بچنے کے لئے نویں سے بارہویں کے تمام طلبہ کی ویکسینیشن کرنا ہوگی، دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک میں ویکسینیشن سے زندگی معمول پر آئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ نجی اسکولز کو سندھ حکومت کی مقرر کردہ تنخواہ اساتذہ کو دینا ہوگی، اسکولز کو لیٹ فیس پر بچوں کو اسکول سے نکالنے نہیں دوں گا، تمام نجی اسکولز والوں کو قانون کے مطابق 10 فیصد بچوں کو مفت تعلیم دینا ہوگی۔
تعلیمی اداروں میں سندھی لازمی ہے جس پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا، نجی اسکولز کے اساتذہ کی سندھی پڑھانے کی ٹریننگ لینگویج اتھارٹی کرے گی۔
ہم چاہتے ہیں سندھی زبان سے ہم آہنگی پیدا کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ نجی اسکولز کی رجسٹریشن کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا، نجی اسکولز کی تعداد اور ان میں سہولیات بھی دیکھی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے 11 لاکھ 79ہزار افراد متاثر، 26 ہزار 175 جاں بحق