بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں توران گیٹ پر شدید ہنگامہ آرائی ہوئی، ریاستی علاقے پلامو میں مذہبی تقریب کیلئے توران گیٹ پر شدید جھگڑا ہوا ہے جس کے دوران مسجد کے باہر کی دکانوں کو آگ لگا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پلامو کے علاقے پنکی بازار میں مہا شیوراتری کیلئے نصب توران گیٹ پر جھگڑا اور دونوں جانب سے شدید پتھراؤ کیا گیا۔ شرپسندوں نے کئی دکانوں میں توڑ پھوڑ بھی کی جس کے بعد متاثرہ علاقے میں دفعہ 144 نافذ کرکے حالات قابو کرنے کی کوشش کی گئی۔
امریکا کی جانب سے رجیم چینج منصوبے کی تردید
ریاستی حکومت کے محکمۂ داخلہ نے آج (16فروری) کی شام 4 بجے تک انٹرنیٹ بند رکھنے کا حکم دے دیا۔ بد ترین تشدد کے واقعے کے دوران مسجد پر پتھراؤ بھی کیا گیا جس کے بعد پولیس نے پنکی بازار مکمل طور پر بند کرادیا۔ پیٹرول بموں سے حملے کی اطلاعات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
شدت پسندوں نے مسجد کے باہر کی دکانوں کو آگ لگادی جس پر جھارکھنڈ حکومت کو پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کرنا پڑا۔ ایس پی چندن سنہا اور ڈی سی انجینیو لوڈوڈے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالات قابو میں ہیں۔ واقعے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
تشویشناک طور پر بھارت میں شدت پسندی بڑھتی ہی جارہی ہے۔ آپس کے جھگڑے کے باعث دونوں فریقوں نے مسجد کی باہر کی دکانیں جلائیں اور مسجد پر پتھراؤ بھی کیا، تاہم اس حوالے سے مسجد انتظامیہ یا مقامی مسلمانوں کی جانب سے کسی شدید ردِ عمل کے سامنے آنے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔