کراچی کے علاقے کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب سمندر کنارے سے گزشتہ روز ایک نوجوان لڑکے اور لڑکی کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں مقامی پولیس نے شناخت کے بعد گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے ساجد مسیح اور ثناء آصف قرار دیا ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں مقتولین کا تعلق پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے نواحی گاؤں بڈھا گورائیہ سے تھا۔ ساجد مسیح، جو مسیحی برادری سے تعلق رکھتا تھا، نے دو ہفتے قبل محمد آصف کی 17 سالہ بیٹی ثناء آصف سے پسند کی شادی کی تھی۔
اہلِ علاقہ کے مطابق دونوں نوجوان گھروں سے فرار ہو کر کراچی آ گئے تھے اور یہاں سکونت اختیار کر چکے تھے۔
مقتولہ کے ورثاء نے 15 جولائی کو تھانہ تتلے عالی میں اغواء کا مقدمہ درج کرایا تھا لیکن کچھ روز بعد28 جولائی کو کراچی کے ساحلی علاقے میں ان کی لاشیں ملیں، جنہیں انتہائی بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔
جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے دو خول بھی برآمد ہوئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات ایک سنسان مقام پر انجام دی گئی، جو سڑک سے تقریباً ایک کلومیٹر اندر ہے، جہاں کار کے ذریعے جانا ممکن نہیں۔
شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قاتلوں نے جوڑے کو یا تو موٹر سائیکل کے ذریعے یا پیدل اس مقام تک لے جا کر قتل کیا، یا ممکن ہے کہ پیچھا کرتے ہوئے وہاں جا کر نشانہ بنایا گیا ہو۔