کراچی: پولیس نے سندھ ہائیکورٹ کو لاپتہ افراد کی بازیابی میں پیشرفت نہ ہونے سے آگاہ کردیا جس پر عدالتِ عالیہ نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں 10 لاپتہ افراد کی بازیابی کے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالتِ عالیہ سندھ نے پیشرفت کے قابلِ ذکر نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اقدامات تیز کرنے کا حکم دیا۔
عید میلاد النبی ﷺ پر اہم شخصیات کو نشانہ بنانے کی سازش ناکام
درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت نے تھانہ خواجہ اجمیر نگری کے تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے لاپتہ شہری بلال کے متعلق ایس ایس پی سنٹرل کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی و وفاقی حکومتوں سے بھی 6 ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی گئی۔
سندھ ہائیکورٹ نے لاپتہ افراد قیوم خان، شیر محمد، سدیس اور عالم کی بازیابی کے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے پولیس، رینجرز اور دیگر اداروں کو ہدایت کی کہ عطاء اللہ، بلال، ایاز اور بابر کو بھی بازیاب کرائیں۔ پولیس نے بازیاب شہریوں کی رپورٹ جمع کرادی۔
ہائیکورٹ نے 2 گمشدہ شہریوں کی بازیابی کے بعد لواحقین کی جانب سے دی گئی درخواستوں کو نمٹا دیا۔ عدالت نے حکام کو ہدایت کی کہ جلد سے جلد لاپتہ شہریوں کی بازیابی اور گھر واپسی کو یقینی بنایا جائے۔ حکام نے معزز جج کو یقین دلایا کہ ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔