سابق وزیر اعظم پاکستان اور کنوینر عوام پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا مقصد سیاست کی اصلاح اور عوام کی خدمت ہے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے سابق وزیر خزانہ و سیکرٹری جنرل عوام پاکستان مفتاح اسماعیل اور سابق رکن قومی اسمبلی اور کنوینر کراچی کیبنٹ عوام پاکستان شیخ صلاح الدین کے ہمراہ عوام پاکستان نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے صدر سید عاطف محمد علی کی دعوت پر ایک خصوصی مشاورتی ملاقات میں شرکت اور گفتگو کی۔
یہ ملاقات نارتھ ناظم آباد کے مقامی رہنماؤں اور کارکنان کے ساتھ ایک غیر رسمی مگر اہم تبادلہ خیال کا موقع بنی، جس میں شہرِ قائد کو درپیش گمبھیر مسائل، شہری سہولیات کی زبوں حالی، ٹرانسپورٹ، پانی، بجلی، صحت، تعلیم اور بلدیاتی نظام کی کارکردگی جیسے موضوعات پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔
دعوت میں شرکت کرنے والوں میں نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے سینئر رہنما سید توصیف محمد علی، محمد کاشف، خالد اختر، عبدالقادر موسانی، محسن اسماعیل، نعمان الرحمن، بلال عاطف، محمد نعمان اختر اور محمد رفیع خان شامل تھے۔ تمام مقررین نے کراچی کے مسائل پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عوام پاکستان کی سیاسی حکمت عملی میں عوامی مسائل کے حل کو مرکز بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر کنوینر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام پاکستان کا منشور اصلاحِ سیاست اور خدمتِ عوام ہے۔ ہم کراچی جیسے معاشی حب کو اس کے جائز حقوق دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
مفتاح اسماعیل نے موجودہ معاشی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں کرپشن، مہنگائی اور ناقص مالی پالیسیوں کا خاتمہ کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کا شہری باوقار زندگی گزار سکے۔
مقامی صدر سید عاطف محمد علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نارتھ ناظم آباد کو ایک مثالی ٹاؤن بنانے کے لیے عوام پاکستان کی تنظیم ہر سطح پر کردار ادا کرے گی۔