اسلام آباد: وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں پرائمری اور مڈل کلاسز یکم فروری سے جبکہ نویں تا 12ویں کلاسز کی تعلیم 18 جنوری سے شروع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس کی صدارت کے بعد وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح اب بھی زیادہ ہے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ہم نے گزشتہ برس 26 نومبر کو تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تو مثبت کیسز کی شرح 7 اعشاریہ 14 فیصد ہو گئی تھی۔
گفتگو کے دوران وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ رواں برس کسی بھی بچے کو بغیر امتحان کے پروموٹ یا پاس نہیں کیا جائے گا۔ 9ویں سے 12ویں جماعت کے طلباء کو بغیر امتحان دئیے پاس نہیں کیا جاسکتا۔
این سی او سی اجلاس کے حوالے سے وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس کے دوران کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ہم نے 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ موجودہ فیصلے کے تحت پرائمری اسکولز یکم فروری سے کھل جائیں گے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ رواں ماہ کی 18 تاریخ سے 9ویں سے 12ویں کلاسز کی تعلیم شروع ہوگی۔ اگلے ہفتے این سی او سی میں دوبارہ ڈیٹا اکٹھا کرکے کورونا صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو مزید چند روز تک بند رکھنے کا امکان