ممبئی میں بھارتی فلم سو لانگ ویلی کے پروڈیوسر کرن سنگھ پر ماڈل و اداکارہ روچی گجر نے دھوکہ دہی کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ روچی نے کرن سنگھ پر 23 لاکھ روپے کی فراڈ کا مقدمہ درج کرایا ہے جس کے تحت وہ ان سے ایک ٹی وی فلم پروجیکٹ میں حصہ داری، منافع اور اسکرین کریڈٹ دینے کے وعدے کے باوجود یہ حقوق فراہم نہ کرنے کا الزام لگا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کی شب فلم کے پریمیئر تقریب کے دوران روچی گجر نے اسٹیج پر کرن سنگھ کو چپل دے ماری جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر زور شور سے وائرل ہوئیں اور شدید بحث کا موضوع بن گئیں۔
ممبئی پولیس نے بتایا کہ اس واقعے سے ایک دن قبل اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ مقدمہ متعدد دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جن میں دھوکہ دہی اور فراڈ شامل ہیں۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور تمام متعلقہ شواہد اکٹھے کر کے قانونی کارروائی کے لیے تیاریاں کر رہی ہے۔
روچی گجر کی جانب سے یہ شکایت سامنے آنے کے بعد فلم انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی ہے اور اس معاملے پر مزید پیش رفت کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون کے مطابق تمام ضروری کارروائی کی جائے گی تاکہ حقائق کی مکمل جانچ پڑتال کی جا سکے۔