لاہور: پنجاب حکومت نے یومِ تکبیر 28 مئی کے موقع پر صوبے بھر کے تمام اسکول کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب نے اس حوالے سے تمام ضلعی تعلیمی اتھارٹیز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
مراسلے کے مطابق 28 مئی کو صبح کی اسمبلی میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا جن میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ تقریری مقابلے، فنون لطیفہ کی نمائش، اور قومی نغموں کے مقابلے بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو یومِ تکبیر کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔
ضلعی سطح پر ان مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو پچاس ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔ یومِ تکبیر کی تقریبات کے بعد گرمیوں کی چھٹیوں کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 28 مئی کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے، تاہم پنجاب حکومت نے اسکولوں سے متعلق الگ فیصلہ جاری کیا ہے۔
دیگر صوبوں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی جانب سے اب تک ایسا کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا، لہٰذا ان صوبوں میں کل اسکول بند رہیں گے۔
یاد رہے کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے بھارتی جوہری دھماکوں کے جواب میں ایٹمی تجربات کر کے خود کو ایک ایٹمی طاقت کے طور پر دنیا کے سامنے منوایا تھا۔