صنم سعید کا مریم نواز کے شعبۂ صحت میں انقلابی اقدامات پر ویڈیو بیان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

صنم سعید
(فوٹو: آن لائن)

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

معروف اداکارہ صنم سعید کا مریم نواز کے شعبۂ صحت میں انقلابی اقدامات پر ویڈیو بیان سامنے آیا ہے جس میں فنکارہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ بے شک سب کے زندگی گزارنے کا انداز الگ الگ ہو لیکن شعبۂ صحت میں کسی بھی طرح کی ناانصافی غیر انسانی ہوجاتی ہے۔

ویڈیو پیغام میں اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقات کیلئے صحت کی سہولیات اہم ہوتی ہیں اور ناانصافی یہ ہے کہ کچھ طبقات کو تو علاج کی بہترین سہولیات میسر آئیں اور باقی لوگوں کو نہیں۔

پیغام میں اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ اس مسئلے کے حل کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عوام کیلئے ادویات کی فراہمی مفت کردی۔ کینسر اور ہیپاٹائٹس کی دوائیں مریضوں کے گھروں تک مفت دی جارہی ہیں۔

اداکارہ صنم سعید نے کہا کہ مریضوں کو تشخیص اور سرجری کی سہولیات دی جارہی ہیں۔ کارڈیالوجی اور کینسر ہسپتال سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی پر بھی کام جاری ہے۔ سنگین کیسز کیلئے ائیر ایمبولینس کی سروس کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔

دوسری جانب ایک اور ویڈیو پیغام میں اداکارہ عروہ حسین نے کہا کہ ایک ورکنگ وومن کی حیثیت سے میں ملک بھر میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے پلانز پر عملدرآمد دیکھنا چاہتی ہوں۔ پنجاب ایک ایسا صوبہ ہے جہاں اس پر سنجیدگی سے کام کیاجارہا ہے۔

عروہ حسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نے پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی ہے جس کا مقصد خواتین کو کام کرنے کی جگہوں پر تحفظ فراہم کرنا ہے اور دوسرا اقدام یہ اٹھایا گیا ہے کہ اور زیادہ الیکٹرک بسز آپریٹ کی جارہی ہیں تاکہ محفوظ سفر آسان ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ 400 ڈے کیئر سینٹرز بنائے گئے ہیں جو وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات کا حصہ ہیں تاکہ کام کرنے والی خواتین اپنے بچوں کے متعلق پریشان ہوئے بغیر اپنا کام جاری رکھ سکیں۔ اچھا کام جہاں بھی ہورہا ہو، اس کی تعریف کرنی چاہئے اور ساتھ دینا چاہئے۔

Related Posts