پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ سجل علی نے نئی سیریز مادر ملت کا ٹیزر سوشل میڈیا پر شیئر کردیا۔
اداکارہ سجل علی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سیریز مادر ملت کی ویڈیو شیئر کی۔
ٹیزر کے آغاز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پہلے پاکستان کی آزادی کا ریڈیو پر اعلان کیا گیا اور پھر اُس کے بعد مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی آواز سُنائی گئی۔
سیریز کے ٹیزر میں سجل علی کی بھی جھلک نظر آئی جس میں صرف اُن کے ہاتھ اور پشت نظر آئی ہے لیکن چہرہ نہیں دکھایا گیا۔
اداکارہ سجل علی نے ٹیزر کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ایک بہن، ایک انقلابی اور ایک ریاستی خاتون۔ اس کے ساتھ ساتھ کیپشن میں یہ بھی بتایا کہ یہ سیریز 14 اگست کو ریلیز کی جائے کی جبکہ اس کے ہدایتکار اور مصنف دانیال افضل ہیں۔
واضح رہے کہ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی پر بننے والی اس فلم میں تقسیم ہند اور محمد علی جناح کی ہمشیرہ کی زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی۔
اس سیریز کے تین سیزن ہوں گے جبکہ سجل علی دوسرے سیزن میں نظر آئیں گی، پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کا بچپن، جوانی اور قیام پاکستان سے قبل ہندوستان کے حالات دکھائے جائیں گے جبکہ اس سیریز کا ہر سیزن 15 اقساط پر مشتمل ہوگا۔