یش راج فلمز اور مہیت سوری کی ہدایتکاری میں بننے والی نئی رومانوی فلم سیارہ نے ریلیز کے پہلے ہی دن باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا اور بھارت بھر میں شاندار کمائی کے ساتھ نئے ریکارڈ قائم کر دیے۔
اس فلم نے 18 جولائی کو ریلیز کے دن 25 کروڑ بھارتی روپے (تقریباً 2اعشاریہ 9 ملین امریکی ڈالر) کمائے اور تقریباً 9 لاکھ 75 ہزار افراد نے سنیما گھروں کا رخ کیا۔
فلم کے مرکزی کردار آہان پانڈے (جن کی یہ پہلی فلم ہے) اور عنیت پڈا نے نبھائے ہیں۔ آہان پانڈے فلم میں کرش کپور کے روپ میں جلوہ گر ہوئے ہیں جو ایک ابھرتے ہوئے موسیقار ہیں۔
ان کی ملاقات وانی بٹرا (عنیت پڈا) سے ہوتی ہے جو ایک باصلاحیت اور اصول پسند نغمہ نگار ہے۔ ان دونوں کی تخلیقی شراکت جلد ہی ایک پیچیدہ اور جذباتی رومان میں تبدیل ہو جاتی ہے۔
یہ فلم بھارتی سنیما کی تاریخ میں کسی نوآموز اداکار کے ساتھ بننے والی سب سے کامیاب اوپننگ ڈے فلم بن گئی ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ 2000 کی سپر ہٹ فلم ’کہو نا پیار ہے‘ اور ’رفیوجی‘ کے پاس تھاجن سے بالترتیب ہریتک روشن، امیشا پٹیل، کرینہ کپور اور ابھیشیک بچن نے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
مہیت سوری جنہوں نے اس سے قبل ’عاشقی 2‘ اور ’ایک ولن‘ جیسی کامیاب فلمیں بنائی ہیں، ان کے کیریئر کی یہ سب سے بڑی اوپننگ ہے۔ مزید یہ کہ سیارہ کورونا کے بعد ریلیز ہونے والی پہلی ایسی رومانوی فلم بن گئی ہے جس نے ایک ہی دن میں 2 ملین ڈالر سے زیادہ کمائی کی۔
فلم کی سب سے حیرت انگیز بات یہ رہی کہ یہ ریکارڈ صرف 8000 اسکرینز پر ریلیز کے باوجود قائم ہوا حالانکہ اس سطح کی کمائی کے لیے عام طور پر کم از کم 18000 شوز درکار ہوتے ہیں۔ ایڈوانس بکنگ غیر معمولی رہی اور ملک بھر کے بڑے شہروں میں سنیما ہالز مکمل طور پر بھرے رہے۔
فلم کی کامیابی کی بڑی وجہ اس کی منفرد پروموشن حکمت عملی تھی۔ یَش راج فلمز نے مرکزی اداکاروں کو میڈیا سے مکمل دور رکھا، نہ کوئی انٹرویو، نہ پروموشنل ٹور، نہ سوشل میڈیا سرگرمی، اور نہ ہی کسی انفلوئنسر کا سہارا لیا گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ سے مکمل اعداد و شمار ابھی جاری نہیں کیے گئے، تاہم ابتدائی رپورٹ کے مطابق امریکہ و کینیڈا سے 6 لاکھ 64 ہزار ڈالر کی کمائی ہوئی۔
یہ فلم دنیا بھر میں ویک اینڈ کے اعتبار سے نویں سب سے بڑی کمائی کرنے والی فلم رہی جبکہ بھارت میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی۔
2025 کی سب سے بڑی بھارتی فلم ’چھاوا‘ کے بعد یہ دوسرا سب سے بڑا افتتاحی ویک اینڈ رہا ہے۔