پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے دنیا بھر میں موجود مداحوں کے دل جیت لیے، فٹبالر نے مراکش میں اپنا لگژری ہوٹل زلزلہ متاثرین کیلئے وقف کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مراکش میں جمعے کی رات 6.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات زمین بوس ہوگئے تھے، جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2000 سے تجاوز کر گئی ہے، ہزاروں افراد زخمی ہیں۔
اسٹار فٹبالر رونالڈو نے مراکش میں اپنا لگژری ہوٹل زلزلہ متاثرین کیلئے وقف کردیا ہے، جس کے ذریعے زلزلہ متاثرین کو پناہ فراہم کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ رونالڈو کا ہوٹل 4 اسٹار ہے جس میں ضروریات زندگی کی تمام سہولیات موجود ہیں، ہوٹل کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں سوئمنگ پول، فٹنس سینٹر اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہے۔
آپ آج کل میرے خوابوں میں آرہے ہیں، وسیم اکرم نے ویرات کوہلی کو حیران کردیا
دوسری جانب مراکش میں آئے خوفناک زلزلے سے اموات کی تعداد 2000 سے تجاوز کرگئی ہے، جب کہ دو ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں، جن میں ایک ہزار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش میں زلزلے کے دوسرے روز بھی آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کا کام بھی شد و مد سے جاری ہے، جب کہ حکومت نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ طاقت ور زلزلے سے زیادہ تباہی پہاڑی دیہاتوں اور قدیم شہروں میں ہوئی، جہاں عمارتیں اتنی طاقت کے زلزلے کو برداشت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں، حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیوں کہ دور دراز کے پہاڑی دیہاتوں تک ریسکیو اہلکاروں کی رسائی میں بہت مشکل پیش آرہی ہے۔
مراکشی وزارت داخلہ کے مطابق 6.8 کی شدت کا یہ زلزلہ 120 سالوں میں مراکش میں آنے والا سب سے بڑا زلزلہ ہے، جس سے سب سے زیادہ نقصان شہروں اور قصبوں سے باہر ہوا ہے، اور کم از کم 2,012 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ہلاکتیں زیادہ تر مراکش شہر اور مرکز کے قریب پانچ صوبوں میں ہوئیں۔