کراچی کے علاقے کورنگی میں قائم جیولری مارکیٹ میں دن دہاڑے مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت پر ایک دکاندار کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا جو بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ واردات کے دوران ایک راہگیر خاتون بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق، منگل کے روز چار موٹر سائیکلوں پر سوار آٹھ مسلح ڈاکوؤں نے کورنگی نمبر دو کی جیولری مارکیٹ میں واقع تین دکانوں، فریال زرگر، العزیز جیولر اور کرن جیولر میں لوٹ مار کی۔
دکانداروں نے مزاحمت کی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 32 سالہ دکاندار عبدالمتین اور ایک راہ گیر 62 سالہ خاتون زخمی ہو گئیں۔ عبدالمتین کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد دکانداروں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انہوں نے احتجاج کرتے ہوئے ٹائروں کو نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا۔
مظاہرین نے ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری اور لوٹے گئے مال کی برآمدگی کا مطالبہ کیا، دکانداروں کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں لیکن بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث وہ واردات کے وقت بند تھے۔
پولیس کے مطابق ڈاکو واردات کے بعد تین موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے جن کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔