بالی وڈ اداکار سیف علی خان، دیپیکا پڈوکون اور ڈیانا پینٹی کی اسٹارر فلم ‘کوک ٹیل’ ایک سُپر ہٹ فلم تھی جس کا سحر مداحوں پر آج تک قائم ہے۔
تاہم کافی عرصے سے بھارتی میڈیا پر یہ خبریں گرم تھیں کہ فلمساز ‘کوک ٹیل’ کا سیکوئل بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
جس کے ساتھ ہی بھارتی میڈیا کی حالیہ رپورٹس میں مداحوں کو فلم کے حوالے سے اپڈیٹ دیتے ہوئے یہ دعوٰی کیا جارہا ہے کہ ‘کوک ٹیل’ کے متوقع سیکوئل کی شوٹنگ فلم کی نئی کاسٹ کے ساتھ شروع ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق فلم میں بالی وڈ کے خوبرو اداکار شاہد کپور مرکزی کردار میں ہوں گے جن کے ہمراہ دلکش اداکارہ رشمیکا مندانا اور کریتی سینن اداکاری کے جلوے دکھائیں گی۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز رواں سال موسمِ گرما میں متوقع ہے جس کے ساتھ شاہد فرنچائز کو آگے لے کر جائیں گے۔
اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ‘کوک ٹیل 2’ ایک رومانٹک کامیڈی فلم ہوگی جو محبت اور دوستی کے موضوع کے گرد گھومے گی۔
رپورٹس کے مطابق فلم کے پروڈیوسر دنیش وجن ایک ایسی تفریحی محبت کی کہانی بنانا چاہتے ہیں جو نوجوان ناظرین کو پسند آئے۔
جس کیلئے شاہد کپور ممکنہ طور پر وشال بھاردواج کی ایکشن تھرلر فلم کی شوٹنگ ختم کرنے کے بعد ‘کوک ٹیل 2’ کی شوٹنگ شروع کریں گے جس میں وہ مبینہ طور پر ایک گینگسٹر کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔
یاد رہے کہ سال 2012 کی فلم ‘کوک ٹیل’ ڈیانا پینٹی کی ڈیبیو فلم تھی جس میں سیف علی خان، دیپیکا اور ڈیانا کے علاوہ ڈمپل کپاڈیا، بومن ایرانی، رندیپ ہوڈا، ٹینا ڈیسائی، منوج پاہوا اور دیگر اداکار بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ کام کے محاذ پر اداکار شاہد کپور کی فلم ‘دیوا’ فی الحال نیٹ فلکس پر چل رہی ہے اس کے بعد وہ ‘حیدر’ کے ہدایت کار وشال بھاردواج کے ساتھ فلم ‘ارجن اُسترا’ میں نظر آئیں گے۔
اداکارہ رشمیکا مندانا حال ہی میں سلمان خان کے ساتھ فلم ‘سکندر’ میں نظر آئیں، فلم نے اب تک باکس آفس پر 104.25 کروڑ روپے کا شاندار بزنس کیا ہے۔
بات کی جائے کریتی سینن کی تو اداکارہ اس وقت خوبرو اداکار دھنوش کے ساتھ فلم ‘تیرے عشق میں’ کی شوٹنگ بھی کر رہی ہیں۔
آنند ایل رائے، ہمانشو شرما، بھوشن کمار اور کرشن کمار کی پروڈیوس کردہ یہ فلم، لیجنڈری اے آر رحمان کے شاندار ساؤنڈ ٹریک اور ارشاد کامل کے شاعرانہ بول کے ساتھ ناظرین کو جذبات کے رولر کوسٹر پر لے جانے کا وعدہ کرتی ہے۔