حجاج کرام کی سہولت، راحت اور وقار کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ مقدس مقامات کی ترقی سے وابستہ معروف کمپنی “کدانہ” نے مشعرِ منیٰ میں دو منزلہ خیموں پر مشتمل جدید رہائشی منصوبہ متعارف کروا دیا ہے جو حجاج کے قیام کو محفوظ، معیاری اور پُرسکون بنانے کی سمت میں ایک انقلابی قدم ہے۔
یہ منصوبہ 20 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلا ہوا ہے، جس میں 40 سے زائد عمارتیں اور 550 سے زیادہ جدید طرز کے باتھ رومز شامل ہیں۔ منصوبہ صرف 100 دنوں میں مکمل کیا گیا اور یہ تقریباً 8 ہزار حجاج کی میزبانی کے قابل ہے۔
“کدانہ” کمپنی کے مطابق یہ منصوبہ نجی شعبے کے 75 فیصد تعاون سے مکمل کیا گیا ہے۔ اس کی تیاری میں پائیداری، ماحول دوستی اور منیٰ کے روایتی تشخص کو بھی مکمل طور پر مدنظر رکھا گیا ہے، تاکہ ضیوفِ رحمن کو سہولت کے ساتھ ساتھ روحانی احساس بھی برقرار رہے۔
اس منفرد رہائشی منصوبے سے نہ صرف منیٰ کی رہائشی گنجائش میں اضافہ ہوا ہے، بلکہ حج انتظامات کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ کمپنی کے مطابق حجاج کرام کو اس ماحول میں جدید سہولیات کے ساتھ وہ آرام ملے گا جس کے وہ حقدار ہیں۔