ممتاز دینی اسکالر نے آلائشیں ٹھکانے لگانا قربانی کا حصہ قرار دے دیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو ایم ایم نیوز

نوجوان دینی اسکالر ڈاکٹر مفتی رشید احمد خورشید نے جانوروں کی آلائشیں ٹھکانے لگانا قربانی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قربانی کرنے والوں پر شرعاً لازم ہے کہ قربانی کی آلائشیں حکومتی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ مقامات پر ڈالیں اور گلی محلوں  میں نہ چھوڑیں۔ 

مویشی منڈی کے وزٹ کے دوران عوام سے گفتگو کرتے ہوئے ممتاز دینی درسگاہ جامعہ الرشید کے استاد ڈاکٹر مولانا مفتی رشید احمد خورشید نے کہا کہ صفائی ستھرائی کا خیال رکھنا قربانی کے تقاضوں میں شامل ہے، قربانی اس انداز میں کریں کہ کسی کو اذیت کا احساس نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ قربانی کے بعد جگہ کو اسی طرح آلودہ چھوڑ دینا مسلمان کا شیوہ نہیں۔ قربانی کے بعد صفائی ستھرائی کرنا بھی قربانی کا حصہ ہے۔ اس لیے کہ صفائی ایمان کا حصہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قربانی کو اس کے تمام پروٹوکولز کے ساتھ کرنے سے ہی پورا ثواب ملتا ہے۔ ہماری وجہ سے نہ کسی انسان کو تکلیف ہونی چاہیے نہ ہی کسی جانور کو۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر شخص قربانی کے بعد اس جگہ تھوڑا چونا لگا دے یا جراثیم کش اسپرے کردے تو تعفن کی وجہ سے پھیلنے والی بہت سی بیماریوں سے حفاظت ہو جائے گی۔

انہوں نے لوگوں کو تاکید کی کہ قربانی کے جانوروں کا خوب خیال رکھیں۔ انہیں اچھے سے کھلائیں پلائیں اور قربانی کے وقت اچھے طریقے سے کم سے کم تکلیف دے کر تیز ترین چھری سے ذبح کریں۔

Related Posts