بحیرۂ احمر میں ناکارہ بحری جہاز میں پھنسے ہوئے 6 پاکستانی ملاحوں کو حکومتِ پاکستان نے امدادی سامان بھجوا دیا جو ٹگ بوٹ میں ملاحوں تک پہنچ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ملاحوں تک امدادی سامان پی این ایس سی نے پہنچایا۔ ملاحوں نے پی این ایس سی کو آگاہ کیا کہ ہماری 8 ماہ کی تنخواہ واجب الادا ہے، فی الحال جہاز نہیں چھوڑا جاسکتا۔
دوسری جانب ملاح اگر سرخ سمندر (بحیرۂ احمر) میں جہاز کو بے یارومددگار چھوڑ دیں گے تو ان کیلئے قانونی مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔ ملاحوں نے پی این ایس سی اور وزارتِ بحری امور کے اداروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ملاحوں تک امدادی سامان پہنچ چکا ہے۔ پاکستانی آئل ٹینکر کے ذریعے ملاحوں کو پینے کا پانی، راشن اور طبی سازوسامان پہنچایا گیا۔ پاکستانی ٹگ ماسٹر کے مطابق وزارتِ خارجہ ملاحوں سے رابطے میں ہے۔
ٹگ ماسٹر کا کہنا ہے کہ ٹگ کو فوری طور پر چھوڑنا ممکن نہیں۔ وزارتِ خارجہ کے علاوہ دیگر ادارے بھی رابطے میں ہیں۔ وزیرِ بحری امور کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کے ایک آئل کو راستہ تبدیل کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
وزارتِ بحری امور کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ذریعے تصدیق کی گئی ہے کہ پی این ایس سی کا آئل ٹینکر اجازت ملنے کے بعد ملاحوں تک 30دن کا راشن اور طبی سازوسامان پہنچانے میں کامیاب ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: جرمنی میں ایسٹر لاک ڈاؤن،پابندیوں کو مزید سخت کردیا گیا