راولپنڈی: تھانہ سول لائن پولیس نے وکلاء اور عام شہریوں سے عمرہ ویزا اور ٹکٹوں کی مد میں بھاری رقوم ہڑپ کرنے کے الزام میں تحریک انصاف کے مقامی رہنما کو گرفتار کر لیا ہے۔
راولپنڈی بار کے رکن و سینئر وکیل نصیر محمد خان کی مدعیت میں درج مقدمہ میں کوٹلی ستیاں کی یونین کونسل دھیر کوٹ ستیاں کے رہائشی عتیق الرحمان ستی، ان کی اہلیہ اور راجہ خلیق خان نامی شخص کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔
نصیر محمد خان نے تھانہ سول لائن پولیس کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ مذکورہ ملزمان نے عاشر اینڈ وانیہ انٹر پرائزز ٹریول اینڈ ٹوورز نامی کمپنی کے ذریعے عمرے پر بھجوانے اور عمرہ کی ٹکٹوں کے نام پر سینئر وکلا ملک جواد خالد، رخشندہ جواد، تنویر اکرم ایڈووکیٹ، کرنل عباس ایڈووکیٹ، مسز عباس ایڈووکیٹ سمیت 17 افراد سے مختلف اوقات میں مجموعی طور پر 12 لاکھ 24 ہزار روپے بذریعہ چیک اور نقد وصول کئے جس کے لئے باقاعدہ رسیدیں جاری کیں۔
رقم کے عوض ملزمان نے سعودی ایئر لائن کی ڈائریکٹ پرواز کے ٹکٹ فرام کرنا تھے بعد ازاں کووڈ 19 کی وجہ سے پروازیں بند ہو گئیں لیکن ملزمان نے نہ ٹکٹ دیئے اور نہ رقم واپس کررہے ہیں، اور کئی مرتبہ رقم واپسی کی یقین دہانی کرواتا رہا مگر تاحال رقم نہ دی جس پر پولیس نے رواں سال 30 جنوری 2021 کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 406 ت پ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
تاہم ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی گزشتہ روز پولیس نے مقدمہ کے مرکزی ملزم عتیق الرحمان ستی کو گرفتار کر لیا ہے، اس ضمن میں یہ معلوم ہوا ہے کہ گرفتار ملزم سابقہ بلدیاتی انتخابات میں کوٹلی ستیاں کی یونین کونسل دھیر کوٹ ستیاں سے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے چیئرمین کے امیدوار بھی رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل، پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 332 رنز کا ہدف دے دیا