کراچی: پاکستان رینجرزسندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کر لیاہے،ملزمان اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔
ترجمان پاکستان رینجرزسندھ کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے لیاقت آباد اور بھینس کالونی میں کارروائیاں کرکے متعدد وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے5 ملزمان کو گرفتارکرلیاہے۔
گرفتار ملزمان میں جمیل احمد، سلمان، شاہ نواز،محمد شان اور ساجد علی شامل ہیں۔ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں انتہائی منظم طریقے سے ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں جن میں اسٹریٹ کرائم، گھروں اور دوکانوں میں ڈکیتیوں کے ساتھ ساتھ بینک یا منی چینجر سے رقم نکلوانے والے افراد کو لوٹنا بھی شامل ہے۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ، ایمونیشن،موٹر سائیکل، زیورات، نقدی، موبائل فون اور مسروقہ سامان بر آمد کر لیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
رینجرزنے عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔