کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) نے کارروائی کرتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور منشیات فروشی میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے زمان ٹاؤن ، ڈیفننس، شارعِ فیصل اور سولجر بازار میں پاکستان رینجرز نے 7 ملزمان کو گرفتار کیا جن کی گرفتاری لوٹ مار، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے پر عمل میں لائی گئی۔
دوسری جانب منشیات فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پاکستان رینجرز (سندھ) نے کراچی کے علاقے بغدادی، فیروز آباد اور سولجر بازار سے 3 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، چوری کیا گیا سامان اور منشیات برآمد کر لی گئیں۔ تمام ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کیا گیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان رینجرز اور سی ٹی ڈی پولیس کی مشترکہ کاروائی میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں سے خونی مقابلے کے بعد 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔
ہلاک ہونے والے دہشت گرد ملک بھر میں نیٹ ورک سے منسلک تھے اور متعدد دہشت گردی کی کارروائیاں کر چکے تھے۔ پاکستان رینجرز (سندھ)نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سی ٹی ڈی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان رینجرز کی کارروائی، ٹی ٹی پی کے 2 دہشت گرد ہلاک