اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انتخابات کو کسی سازش یا خاص مقصد سے آگے نہیں بڑھائیں گے، اسمبلی 9 اگست کی رات کو تحلیل کردی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو کے دوران وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انتخابات کو کسی سازش یا خفیہ مقصد کے تحت آگے بڑھانے کا کوئی امکان نہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے نگراں وزیر اعظم کیلئے اسحاق ڈار کا نام تجویز نہیں کیا۔
عمران خان کے خلاف مقدمہ ہونا چاہئے۔رانا ثناء اللہ
انٹرویو کے دوران وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسحاق ڈار ہو یا رضا ربانی، کسی بھی سیاستدان کا نام نگراں وزیر اعظم کے عہدے کیلئے تجویز کیا جاسکتا ہے۔ اگر حالیہ مردم شماری کو نوٹیفائی کیا گیا تو مزید تنازعات پیدا ہوں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کی وطن واپسی الیکشن سے ڈیڑھ ماہ قبل ہوگی۔ ہماری خواہش ہے کہ عمران خان عدالت سے نااہل ہوں بلکہ انہیں عدالت سے سزا اور جیل ہوجائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ریاست کی مدعیت میں عمران خان کے خلاف مقدمہ ہونا چاہئے جبکہ یہ مقدمہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت چلائے جانے پر غور جاری ہے۔
آج سے 7 روز قبل اپنے ایک بیان میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ریاست کی مدعیت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ خصوصی عدالت میں بھیجا جائے جبکہ عمران خان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے سائفر برآمد کرنا ہوگا۔