لاہور: مشہورومعروف کرکٹ کمنٹیٹر رمیز راجہ کی بطور چیئرمین پی سی بی نامزدگی مبینہ طور پر ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس کے استعفوں کی وجہ بن گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزقومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بالنگ کوچ وقار یونس اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے جس کی وجہ واضح طور پر بیان نہیں کی گئی تاہم باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ متوقع چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کی آمد ہی دونوں کے استعفے کا باعث بنی۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور وقار یونس نے استعفیٰ اس لیے دیا کیونکہ انہیں رمیز راجہ کے چیئرمین بننے پر تحفظات تھے۔بالنگ کوچ وقار یونس نے مصباح الحق سے مشاورت کے بعد مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ مصباح الحق اعظم خان کی ٹیم میں شمولیت کے خلاف تھے۔
ہیڈ کوچ مصباح الحق چیف سیلیکٹر کے طور پر خدمات سے دستبردار ہونے کے بعد بھی سلیکشن پر اپنی رائے دینا چاہتے تھے، انہیں قومی ٹیم کی سلیکشن پر تحفظات تھے جبکہ رمیز راجہ دونوں کوچز کو اپنے مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کرچکے تھے کہ پاکستان کرکٹ کی دنیا میں نیا کیا ہوگا۔
نامزد چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے مصباح الحق اور وقار یونس کو ٹیم مینجمنٹ میں بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ رمیز راجہ ممکنہ طور پر مصباح الحق اور وقار یونس کی خدمات سے مطمئن نہیں ہیں جس پر دونوں کوچز نے خود ہی مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: مصباح الحق اور وقار یونس کوچنگ کے عہدوں سے دستبردار