لاہور / کراچی: محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ پنجاب اور سندھ میں بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہوگیا جس کے تحت دونوں صوبوں میں آج سے بارش کا امکان اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں بارشوں کا نیا طاقتور سلسلہ آج سے داخل ہوگا جس کے تحت منگل تک بارشیں ہوں گی۔ مون سون کے شدید کم دباؤ کے زیرِ اثر بارشوں کے باعث پنجاب کے کچھ شہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
بالائی پنجاب میں، اسلام آباد، راولپنڈی، چکوال، سرگودھا، خوشاب، جہلم، گجرات، منڈی بہاؤ الدین، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، حافظ آباد، شیخوپورہ، لاہور، ننکانہ صاحب اور قصور میں بیشتر مقامات پر موسلا دھار سے طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
اس دوران سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، جہلم، گجرات، اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں شدید ترین طوفانی بارشوں کا امکان ہے جہاں 100 سے 300 ملی میٹر تک بارش ممکن ہے۔ میانوالی اور بھکر میں بارش کی توقع ہے۔
وسطی پنجاب میں چنیوٹ، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن اور بہاولنگر میں بیشتر مقامات پر موسلادھار اور شدید بارشوں کی توقع ہے جبکہ فیصل آباد، چنیوٹ اور اوکاڑہ میں شدید ترین طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
جنوبی پنجاب میں، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، رحیم یار خان، بہاولپور، خانیوال، وہاڑی، ملتان اور لودھراں میں بیشتر مقامات پر موسلادھاراور شدید بارشوں کی توقع ہے۔ بہاولپور میں شدید ترین طوفانی بارش ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے یہ پیشگوئی بھی کی ہے کہ سندھ میں آج شام سے شب تک مون سون کا 7واں اسپیل داخل ہوگا۔ اسپیل کے تحت کل رات تک بارش کی توقع ہے۔
بے آف بنگال میں محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بارشوں کا سسٹم بن گیا ہے جس کے اثرات آج کراچی میں بارش کا سبب بن سکتے ہیں جبکہ بارش کا یہ نیا اسپیل 2 سے 3 روز تک جاری رہے گا۔
محکمۂ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بارش کا 7واں اسپیل گزشتہ سلسلوں کے مقابلے میں کم شدید ہوگا، کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بوندا باندی اور موسلا دھار بارش ہوگی۔
آج کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ الرٹ میں تمام اداروں کو بارش کے خطرات سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے جاری کیے گئے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے زیریں علاقے بارش کے باعث زیرِ آب آنے کا خدشہ ہے۔ سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں بارش کا سلسلہ تھم گیا ، سڑکوں اور گلیوں میں کھڑا پانی نکالنے کا کام جاری ہے تاہم اِس دوران نکاسئ آب کا نظام تباہ ہوگیا۔
بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں پر شہری پہلے ہی پریشان ہیں کہ اس دوران شہر بھر میں ابلتے ہوئے گٹر اور سیوریج لائنوں کے مسائل نے سر اٹھانا شروع کردیا۔
مزید پڑھیں: بارش کا پانی نکالنے کا کام جاری، نکاسئ آب کا نظام تباہ