مختلف شہروں میں عید کے دوسرے روز سے 22جون تک بارش کا امکان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مختلف شہروں میں بارش
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز سے 22 جون تک بارش کا امکان ہے جس کے نتیجے میں عیدِ قربان کے دوران موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے اکثر میدانی علاقوں میں اس وقت موسم گرم اور مرطوب ہے اور متعدد شہروں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کرچکا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 جون کی رات سے 22 جون تک مختلف شہروں میں آندھی اور بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 جون کی رات سے 22 جون تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، کے پی کے، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارش کی توقع ہے۔ 20سے 22جون کو بلوچستان میں بھی آندھی اور بارش ہوسکتی ہے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں 21 اور 22 جون کو آندھی اور بارش کا امکان ہے جن میں جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ اور کشمور شامل ہیں۔ 16 جون کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں شدید گرمی ہوگی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 16 جون کے روز گلگت بلتستان، بالائی کے پی کے اور کشمیر میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 17 جون کو بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم ہوگا تاہم جی بی، بالائی کے پی کے اور شمال مشرقی پنجاب میں بارش ہوسکتی ہے۔

Related Posts