اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ ملک بھر میں بارشیں آج سے شروع ہوں گی، بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں بادل چھائے رہیں گے۔ موسم پر سردی کی شدت غالب رہے گی۔ بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے تحت اسلام آباد، لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادل برسیں گے۔
کراچی میں 5اور 6جنوری کو بارش کی پیش گوئی، موسم مزید سردہونے کا امکان
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی کردی
ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ برفباری کا بھی امکان ہے۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ دھند کی لپیٹ میں رہیں گے جہاں سردی عروج پر ہوگی۔ 2 جنوری سے ہی پنجاب میں بارش شروع ہوگی۔
پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش ہوگی۔ 2 جنوری کی شام سے 6 جنوری کے دوران ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، اور رحیم یار خان میں بارش کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوگی۔ سکھر، لاڑکانہ، شہید بے نظیر آباد، کراچی، جامشورو، میر پور خاص اور خیرپور میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ 3 جنوری کی شام سے 7 جنوری کے دوران اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ اور پشاور میں بھی بارش ہوگی۔
ملک کے دیگر مختلف شہروں میں بھی بارش ہوگی۔ چارسدہ، باجوڑ، کرم، وزیرستان اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوگی۔ چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، میانوالی، فیصل آباد، گجرانوالہ اور لاہور میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی ہے۔
سبی، بولان، قلات اور خضدار سمیت بلوچستان کے کئی علاقوں میں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ ملک بھر میں بارشوں کے نئے سلسلے کے آغاز کے ساتھ ہی اربن فلڈنگ کے خدشات سر اٹھانے لگے۔