پی ایس ایل 10 کے 26 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 110 رنز سے شکست فاش دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو اس کیلئے انتہائی تباہ کن ثابت ہوا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فل چارجڈ بیٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر 263 رنز کا پہاڑ اسلام آباد کے سامنے کھڑا کردیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر رائیلی روسو نے44گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ روسو نے اننگز میں 6 چھکے اور 13 چوکے لگائے۔
پی ایس ایل میں رائیلی روسو کی یہ تیسری سنچری ہے۔ رائیلی روسو پی ایس ایل میں سب سےزیادہ سنچریاں بنانے والے غیرملکی کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ان کے علاوہ حسن نواز نے 45 گیندوں پر ناقابل شکست 100 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 9 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ سے قبل اسٹیڈیم میں پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا اور بھارتی حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔