لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے الیکشن میں حمزہ شہباز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے قائل کرنے کی آخری کوشش کی۔
منگل کو زرداری کی شجاعت سے ملاقات کے بعد، چوہدری شجاعت حسین نے پی ٹی آئی-پی ایم ایل (ق) کے مشترکہ امیدوار پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کیا، جس سے حمزہ کے دوبارہ منتخب ہونے کی مسلم لیگ (ن) کی امیدیں دم توڑ گئیں۔
تاہم،آصف علی زرداری نے حمزہ شہباز کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے لیے مسلم لیگ (ق) کی حمایت حاصل کرنے کی آخری کوشش میں جمعرات کو شجاعت سے دوبارہ ملاقات کی۔
پی پی پی کے شریک چیئرمین نے ایک بار پھر چوہدری شجاعت سے درخواست کی کہ وہ اپنی پارٹی کے اراکین کو اپنے بھائی کے بجائے حمزہ کو ووٹ دینے کی ہدایت کریں۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ق) کے دس ایم پی اے ہیں اور وہ طاقت کے توازن کو کسی بھی طرح جھکانے کی پوزیشن میں ہے۔
اس سے قبل ایک نجی ٹی وی نے خبر دی تھی کہ زرداری نے پرویز الٰہی سے کہا ہے کہ وہ عمران خان کو چھوڑ کر ان کا ساتھ دیں اور خبردار کیا ہے کہ بصورت دیگر ان کی ’سیاسی لڑائی‘ ذاتی دشمنی میں بدل جائے گی۔
دریں اثناء الیکشن کے تناظر میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مسلم لیگ (ق) کے اعلیٰ عہدیداروں کا لاہور میں اجلاس ہوا۔
مزید پڑھیں:اراکین کے اغوا کے خدشات: لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سنادیا