کراچی:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شہر قائد میں ہونے والے جلسے میں لائٹنگ اسٹینڈ نیچے گرنے سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی آج شہر قائد میں اپنا پاور شو منعقد کررہی ہے، باغ جناح میں ہونے والے جلسے میں عوام کی کثیر تعداد موجود ہے، جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان بھی جلسہ گاہ پہنچ چکے ہیں،انتظامیہ نے جلسہ رات بارہ بجے تک ختم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
لائٹنگ اسٹینڈ جلسے میں اس وقت گرا جب لوگ کافی تعداد جلسہ گاہ میں موجود تھے، اسٹینڈ گرنے سے متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن دیا گیا ہے کہ مزارِ قائد کے سائے تلے بانیانِ پاکستان کی اولادیں آج پھر ایک بار انگریزوں کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے عمران خان کی قیادت میں اس تاریخی جدوجہد کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب اس سے قبل سابق وزیر اعظم عمران خان کے چارٹرڈ طیارے نے کراچی ائیرپورٹ پر لینڈنگ کی اور جونہی انہیں کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون کے لاؤنج لایا گیا وہاں گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت دیگر رہنماؤں نے انہیں ویلکم کیا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کو بتایا کہ انہیں سر میں درد محسوس ہورہا ہے، پینا ڈول منگوادیں۔
عمران خان کے پیناڈول طلب کرنے پر عمران اسماعیل نے اپنے اسٹاف سے فوری پیناڈول لانے کا کہا، سابق وزیر اعظم کے لاؤنج سے باہر آتے ہوئے صحافیوں نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی، مگر انہوں نے صحافیوں سے بات نہیں کی۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کا کراچی میں عوامی طاقت کا مظاہرہ، عمران خان جلسہ گاہ پہنچ گئے