ملتان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر ڈوگر اور دیگر پارٹی کارکنوں کو بدھ کے روز ملتان سے توڑ پھوڑ کے الزام میں حراست میں لے لیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے کم از کم 10 کارکنوں کو عامر ڈوگر کے ڈیرہ (گیسٹ ہاؤس) سے بھی حراست میں لیا گیاجب پولیس نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر افراتفری پھیلانے میں ملوث پارٹی کارکنوں کو پکڑنے کے لیے چھاپہ مارا۔
سٹی پولیس افسر رانا منصور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے کارکنوں پر الیکشن کمیشن میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست کے بعد سی سی ٹی وی کی مدد سے مزید ملزمان کو شناخت کررہے ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے ملک عامر ڈوگر کی گرفتاری کی تردید کی اور کہا کہ ملک عامر ڈوگر کو گرفتار نہیں کیاگیا،انہوں نے کہا کہ ملک عامر ڈوگر خود کارکنوں کیساتھ گرفتاری دینے آئے ہیں۔
مزید پڑھیں:آئین الیکشن میں تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، صدر کا چیف الیکشن کمشنر کو خط
واضح رہے کہ ملک عامر ڈوگر قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ایم این اے اور سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔